اسلام آباد :حکومت نے بلال بن ثاقب کو چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) تعینات کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق تعیناتی کے بعد بلال بن ثاقب نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، کیونکہ چیئرمین کے عہدے پر رہتے ہوئے معاون خصوصی کا عہدہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بلال بن ثاقب کی تعیناتی اعزازی بنیادوں پر تین سال کے لیے کی گئی ہے اور وہ اس دوران بغیر تنخواہ اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اس منصب پر انہیں وزیر مملکت کے برابر درجہ حاصل ہوگا، جس سے ورچوئل ایسٹ کے شعبے میں فیصلوں کی سطح پر اہمیت اور اختیارات بڑھ جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ قدم پاکستان میں ورچوئل ایسٹ کے شعبے میں باضابطہ ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔




