نئی دہلی:بھارت کا خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کا ایک اور اہم مشن تکنیکی خرابی کے باعث ناکام ہو گیا۔ بھارتی خلائی ایجنسی کے مطابق PSLV-C62 راکٹ کے تیسرے مرحلے میں اچانک مسئلہ پیدا ہوا، جس کے بعد سیٹلائٹ اپنے مقررہ مدار تک پہنچنے میں ناکام رہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق PSLV راکٹ، جسے بھارت کا “ورک ہارس” سمجھا جاتا تھا، حالیہ برسوں میں بار بار ناکامیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ اس سے قبل 18 مئی 2025 کو PSLV-C61 اور اب 12 جنوری 2026 کو PSLV-C62 کی لانچنگ ناکام ہو چکی ہے۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ناکام مشنز میں بھارتی خلائی ایجنسی کے قومی سلامتی سے متعلق لاکھوں ڈالر مالیت کے سیٹلائٹ تباہ ہو گئے، جس سے خلائی پروگرام کو شدید مالی اور تکنیکی نقصان پہنچا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ان ناکامیوں نے نہ صرف بھارتی خلائی ایجنسی کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں بلکہ بھارت کی عالمی خلائی ساکھ بھی دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔




