پاکستان
Trending

اسلام آباد کا بلدیاتی نظام تبدیل، صدرِ مملکت نے نیا آرڈیننس جاری کردیا

 

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مقامی حکومت کے نئے نظام کے نفاذ کے لیے آرڈیننس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق میٹرو پولیٹین کارپوریشن کو ختم کر کے اس کی جگہ ٹاؤن کارپوریشنز قائم کی جائیں گی، جبکہ اسلام آباد کو قومی اسمبلی کے حلقوں کی بنیاد پر تین ٹاؤن کارپوریشنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

نئے قانون کے تحت یونین کونسل اور ٹاؤن کارپوریشن مقامی حکومت کہلائیں گی، تاہم جب تک بلدیاتی ادارے فعال نہیں ہوتے، حکومت ایڈمنسٹریٹر تعینات کرے گی۔ یونین کونسلز کی تعداد حکومت نوٹیفائی کرے گی، جبکہ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کرے گا۔

آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ حکومت عوامی اعتراضات کے بعد ٹاؤن کارپوریشن اور یونین کونسل کی حدود میں ترمیم کر سکتی ہے، مگر الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔

ہر ٹاؤن کارپوریشن میں ایک میئر اور دو ڈپٹی میئر ہوں گے، جبکہ یونین کونسل کے چیئرمین ٹاؤن کارپوریشن کے جنرل ممبر ہوں گے۔ خواتین، کسان یا ورکر، تاجر، نوجوان اور غیر مسلم نمائندوں کے لیے مخصوص نشستیں بھی شامل کی گئی ہیں۔

آرڈیننس کے تحت یونین کونسل کے جنرل ممبران کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا، جبکہ چیئرمین، وائس چیئرمین، میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button