پاکستان

جو قومیں اپنے ملک کے ہیرو کی عزت نہیں کرتی وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتی، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن

فیصل آباد : دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ایک اہم سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی پر توجہ دینا تھا۔ یہ تقریب ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سیپ) کے زیرِ اہتمام ہوئی، جس میں تعلیمی ماہرین، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ایپ سیپ اور  معروف ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے معروف تعلیمی رہنما میاں عامر محمود کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں عامر محمود نے سینکڑوں کالجز اور کئی یونیورسٹیاں قائم کر کے پاکستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط کیا، اور وہ ہماری نوجوان نسل کے لیے ایک حقیقی رول ماڈل ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو آج سب سے زیادہ ضرورت کردار والے نوجوانوں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا:”ہمارے نوجوانوں کو صرف ڈگری نہیں، بلکہ دیانت، وقت کی پابندی، ذمہ داری، اور سچائی جیسے اوصاف کی بھی ضرورت ہے۔”
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کے نوجوانوں میں مہارتوں سے زیادہ کردار اور رویے کی کمی دیکھی جا رہی ہے، جو کہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو صرف علم نہیں دینا، بلکہ ان کی شخصیت کی تعمیر بھی کرنی ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو ایک مکمل نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں تو انفرادی اور قومی دونوں سطحوں پر کامیابی یقینی ہے۔

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے ایپ سیپ کے مشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان کے نوجوانوں میں اللہ پر یقین، خود اعتمادی اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button