اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی کمیشن کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے ملاقات کی ہے، جس میں پاک-یورپی یونین کثیر الجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا پاکستان آمد پر استقبال کیا اور پاک-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی اور تجارت جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پائیدار تجارتی روابط کے لیے جی ایس پی پلس (GSP+) کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرنے پر یورپی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امن کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا اور افغانستان کے امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کی اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی، جبکہ کایا کالاس نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسٹریٹجک روابط بڑھانے میں یورپی یونین کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔




