لاہور: مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مستحکم رہا۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک، چشمہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے چناب میں بھی سیلابی صورتحال میں کمی آئی ہے اور پانی کا بہاؤ نچلے درجے تک آ گیا ہے۔ خانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک جبکہ قادر آباد کے مقام پر ایک لاکھ 23 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔




