اسلام آباد/لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے معاملے پر اہم مشاورت کی ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان 24 گھنٹوں کے دوران دوسری ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں محسن نقوی نے وزیراعظم کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ اپوزیشن سے مذاکرات کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور کے جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن سے مذاکرات اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔




