پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا کو خوف سے نکال کر امن و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی

 

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاستی عملداری کے قیام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ نوجوانوں کو دہشت گردی کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ شورش زدہ اضلاع میں ریاست کی عملداری قائم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ صوبے کی ترقی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبے لانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ہسپتالوں، سڑکوں، بلدیاتی اداروں اور انصاف کی فراہمی پر مرکوز ہے تاکہ عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صرف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کافی نہیں، بلکہ ان کی سہولت کاری اور معاونت کرنے والے نظام کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ نوجوان صوبے کا مستقبل ہیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ قانون کے دائرے میں رہنے والے شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ خیبرپختونخوا کو خوف کی سرزمین نہیں بننے دیا جائے گا، بلکہ صوبے میں امن کی بحالی، حکومتی عملداری کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button