اسلام آباد: روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر چار روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کی آمد کو پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد پہنچنے پر وزیر مملکت طلال چوہدری نے روسی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران روسی وزیر داخلہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں روابط مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوگی۔
یہ کسی روسی وزیر داخلہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے




