پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سیاسی ہم آہنگی حاصل کرنے میں ناکام رہی، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے شرکت سے انکار کر دیا۔
پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا نے اے پی سی کو "غیر سنجیدہ اقدام” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہوتی تو اب تک عوامی مسائل پر عملی پیش رفت ہو چکی ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت محض نمائشی اقدامات کر رہی ہے، اسی لیے پارٹی شرکت نہیں کرے گی۔
اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے بھی کانفرنس کو بے مقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے ہی فیصلے کر چکی ہے، ایسی نشست کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف سیاسی جماعت کے طور پر اے پی سی بلاتی تو شرکت پر غور کیا جا سکتا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اے پی سی میں تمام جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے، اور جو جماعتیں شریک نہیں ہوں گی وہ دراصل صوبے کے عوام اور امن کے عمل سے لاتعلق ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا، اور حکومت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے حالیہ ڈرون حملوں کو بھی قابلِ مذمت قرار دیا۔
خیال رہے کہ صوبائی حکومت نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر 24 جولائی کو اے پی سی بلائی ہے، تاہم بڑی جماعتوں کے بائیکاٹ کے باعث اس کی اہمیت متاثر ہوئی ہے۔




