لاہور :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر میں روٹی اور آٹے کے سرکاری نرخوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 100 گرام روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے، اور اس سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسی طرح 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے اور 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے مقرر کی گئی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ نرخوں پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ نرخناموں کی نگرانی سختی سے کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔




