اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے اپنی نئی آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں ملک کی معاشی ترقی کی شرح 3.5 فیصد ہوگی جو 2026 میں بڑھ کر 4.3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مہنگائی کی شرح 2025 میں 23.6 فیصد رہنے کے بعد 2026 میں 14.3 فیصد تک گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2025 میں جی ڈی پی کا 1.8 فیصد اور 2026 میں 1.3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بے روزگاری کی شرح بھی کم ہوتے ہوئے دکھائی گئی ہے، جو 2025 میں 8.3 فیصد اور 2026 میں 7.3 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں تیل کی درآمد کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔
اگرچہ معیشت میں استحکام آیا ہے، لیکن افراط زر کا مسئلہ اب بھی ایک بڑا چیلنج سمجھا جا رہا ہے۔




