لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی حالات میں شورش اور سیاسی انتقام کی کارروائیاں ملک کے نظام کو پیچھے دھکیل رہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی عدم استحکام کی صورت میں معیشت متاثر ہوگی اور اگر کسی سیاسی حریف پر ایک بھی سیاسی مقدمہ ثابت ہو گیا تو وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دیں گے۔
ملک محمد احمد خان نے پی ٹی آئی کی سرگرمیوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پارلیمنٹ کو کمزور کرنے اور فوج کے خلاف بیانات دینے والے عناصر ملک کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی مرکزیت اور قومی سلامتی کو کسی صورت خطرے میں نہیں آنے دیا جائے گا۔
اسپیکر نے سپریم کورٹ میں سیاسی جماعتوں کے خلاف مقدمات اور جھوٹے سیاسی انتقام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چند مقدمات صرف ایک جماعت کے خلاف چلائے گئے اور یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔
ملک محمد احمد خان نے نو مئی اور 10 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعدد فوجی تنصیبات اور قومی نشانوں پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے، جس سے ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے دشمن عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور قومی مفاد ہر حالت میں مقدم رہے گا۔




