لاہور میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن گزشتہ 8 گھنٹوں سے معطل ہے، جس کے نتیجے میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔ دھند کی وجہ سے 4 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ لاہور سے دبئی، ابوظہبی، جدہ اور کراچی کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
فضائی آپریشن کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پروازوں کے شیڈول میں بھی خلل پیدا ہوا ہے۔ دوسری جانب دھند کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور جانے والی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ موٹر وے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک بھی دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




