پاکستان
Trending

کاہنہ میں اکیڈمی کی چھت منہدم، 14 سے زائد بچے جاں بحق، متعدد زخمی

 

لاہور: کاہنہ کے علاقے نو فیروزپور روڈ پر واقع ایک اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14 سے زائد بچے جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اہلکار اور ایمرجنسی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ چھت ٹی آر گارڈرز پر قائم تھی، جو اچانک منہدم ہو گئی۔

زخمی بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ سے دس سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، جبکہ ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے باعث سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ذمہ داروں کے تعین کے بعد سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے ابتدائی کارروائی کے دوران عمارت کے مالک سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لیے بلندیٔ درجات، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button