میرپور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات کے موقع پر میرپور کے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام خود کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں اور اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے ہی عوام اپنے حقوق اور مستقبل کے فیصلوں میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انتخابات کا بائیکاٹ کسی مسئلے کا حل نہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام اگر اپنے حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور سچ و مفاہمتی کمیشن چاہتے ہیں تو انہیں ووٹ کی طاقت استعمال کرنی ہوگی۔
دریں اثنا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر میرپور کے مطابق تینوں اضلاع میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف اپنے گھروں سے نکلیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کریں، جبکہ پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




