پاکستان
Trending

وزیراعظم شہباز شریف کا لائیو سٹاک شعبے میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ، خصوصی فارم ہاؤسز قائم ہوں گے

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لائیو سٹاک کے شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لیے درآمد شدہ اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی خصوصی فارم ہاؤسز میں پرورش اور انہیں برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں شعبے کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مویشیوں کی برآمد کے لیے خصوصی فارم ہاؤسز قائم کیے جائیں۔ ان فارم ہاؤسز میں زیادہ پیداوار دینے والی اعلیٰ نسل کے مویشی درآمد کرکے ان کی مناسب نشوونما کی جائے تاکہ انہیں عالمی منڈیوں میں برآمد کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے لائیو سٹاک کے شعبے کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کی بھی منظوری دی، جبکہ اصلاحات کی تیاری اور ان پر عملدرآمد کے لیے نجی شعبے کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں لائیو سٹاک کی پیداوار بڑھانے، جانوروں کی صحت بہتر بنانے، بیماریوں پر قابو پانے اور گوشت کی برآمدات میں اضافے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں موجود استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ جدید طریقہ کار اور نجی شعبے کی مہارت کو بروئے کار لا کر پاکستان کی لائیو اسٹاک اور گوشت کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو شعبے کی اصلاحات پر تیزی سے عملدرآمد اور برآمدات کے لیے واضح اہداف مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button