اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال اور صوبے میں ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کے معاملے پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے امکان پر اہم مشاورت جاری ہے۔ تاہم، اس حوالے سے کسی حتمی فیصلے کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، طلال چوہدری، حنیف عباسی اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر وزراء شریک ہیں۔
اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ممکنہ آئینی و انتظامی فیصلوں پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے آنے کے بعد اس کے قانونی دائرۂ کار اور آئندہ حکومتی اقدامات کی تفصیلات واضح ہوں گی۔




