اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں حکومتی امور کی انجام دہی سے متعلق حکم نامہ نمبر 1/2026 جاری کردیا، جس کے تحت گورنر خیبرپختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے۔ اس مقصد کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
وفاقی حکم نامے کے مطابق یہ اقدام 11 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے آئینی اعلان کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے مشاورتی کونسل سے معاونت حاصل کریں گے۔
حکم نامے میں مشاورتی کونسل کے ارکان کے طور پر طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، ثمر بلور، ڈاکٹر سرفراز علی، عامر جاوید، ڈاکٹر ایم ارشاد، کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ خان اور آصف رفیق کے نام شامل ہیں۔
وفاقی حکومت نے ثنااللہ ایڈووکیٹ کو خیبرپختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل بھی مقرر کردیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق صوبائی حکومت کے امور آئینی دفعات اور خیبرپختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے تحت چلائے جائیں گے۔




