بنکاک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی) کی مالی معاونت اور منصوبے کی مالی اعانت میں قائدانہ کردار کو سراہا ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بات تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر آئی ایف سی کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ریجنل نائب صدر عماد فخوری سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں پاکستان میں نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور معاشی استحکام کے ثمرات کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے آئی ایف سی کے بڑھتے ہوئے مالیاتی پورٹ فولیو، چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضوں کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں کی معاونت، سرمایہ کی منڈیوں اور گرین و ڈیجیٹل بانڈز سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں کان کنی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معدنی وسائل میں ویلیو ایڈیشن، سستے مکانات کی تعمیر اور ڈویلپرز کے لیے مالیاتی سہولیات کی فراہمی پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس کے علاوہ زرعی شعبے میں ترقی کے لیے ذخیرہ کرنے کی سہولیات میں بہتری، کولڈ چین نظام کی توسیع اور الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کے ذریعے مالی معاونت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مالیاتی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان میں معاشی سرگرمیوں، روزگار اور پائیدار ترقی کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔




