راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البغامی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتِ حال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سعودی عرب کے دفاعی تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے، ادارہ جاتی روابط مستحکم بنانے اور اسٹریٹجک رابطہ کاری کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البغامی کو نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔




