اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) نے جعفر ایکسپریس، خضدار میں اسکول بس پر حملے اور پہلگام واقعے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کی ہے۔
تنظیم کے اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشتگردی کی ہر شکل کی مخالفت کی جائے گی اور انسدادِ دہشتگردی میں دوہرا معیار ناقابل قبول ہے۔ اعلامیے میں ریاستی سطح پر دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، پاکستان نے ان واقعات میں بھارت کے کردار سے متعلق شواہد عالمی سطح پر پیش کیے، جبکہ پہلگام واقعے پر آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی گئی، جس کا جواب بھارت نے نہیں دیا۔
شنگھائی تنظیم نے افغانستان میں جامع اور وسیع البنیاد حکومت کے قیام اور دہشتگردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کو روکنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا:
"دنیا اب جھوٹے بیانیے تسلیم نہیں کرتی، دہشتگردی پر سیاست ناقابل قبول ہے۔”
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کا مؤقف اصولی، واضح اور عالمی اصولوں کے عین مطابق ہے، جسے رکن ممالک کی تائید حاصل ہے۔




