لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) میں سپیشل یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس یونٹ میں فیکٹوریل، ٹیکس کنسلٹنٹس، لیگل ایکسپرٹس اور ڈیٹا اینالسٹس کو شامل کیا جائے گا تاکہ ٹیکس کلیکشن کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی آر اے کا دائرہ کار 30 اضلاع تک بڑھایا جائے گا، جس سے مقامی سطح پر ٹیکس کلیکشن کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، 130 انفورسمنٹ آفیسرز کی بھرتی کی اصولی منظوری بھی دی گئی تاکہ ٹیکس چوری کی روک تھام اور ادارے کے انفورسمنٹ عمل کو مستحکم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی آر اے کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس دہندگان کے لیے ایک سہولت ایپ متعارف کرائے، جس کے ذریعے ٹیکس ادائیگی کا عمل آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔
اجلاس میں پنجاب میں ریونیو بڑھانے کے لیے 19 نئے سیکٹرز کو شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ نئے سیکٹرز کی شمولیت سے ٹیکس وصولی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح، اضلاع میں ریونیو اتھارٹی کی اضافی ذمہ داریاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی جی) کو تفویض کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ مقامی سطح پر بہتر نگرانی اور انتظام ممکن ہو سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے ذریعے ٹیکس کے نظام میں مزید شفافیت لائی جائے گی اور حکومت عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔




