کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے پرانے گوگل اسسٹنٹ کو بتدریج ختم کر کے اس کی جگہ جیمنائی (Gemini) کی جدید اے آئی سروس متعارف کرانے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس تبدیلی کا اثر گوگل میپس پر بھی پڑا ہے، جہاں اب جیمنائی کو شامل کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو بہتر اور زیادہ آسان نیویگیشن کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ وہ گوگل میپس میں 4 نئے فیچرز متعارف کرا رہے ہیں، جو خاص طور پر ڈرائیورز کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔ یہ فیچرز اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوں گے، اور ان کا استعمال کرنے کے لیے اب صارفین کو اپنے فون کو ہاتھ لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی؛ آپ بس جیمنائی سے بات کر کے ان فیچرز کو استعمال کر سکیں گے۔
1. جیمنائی وائس اسسٹنس
گوگل میپس میں جیمنائی کی جدید وائس اسسٹنٹ سروس شامل کی گئی ہے، جس کی مدد سے آپ میپس پر سوالات پوچھ سکتے ہیں اور جواب حاصل کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کی خاصیت یہ ہے کہ اب آپ کو اپنے ہاتھوں سے میپس کو کنٹرول کرنے کی ضرورت نہیں، آپ صرف اپنی آواز سے ہی گوگل میپس کو ہدایات دے سکیں گے۔
2. بہتر سمتوں سے رہنمائی
موجودہ گوگل میپس میں دی جانے والی سمتوں، جیسے "500 فٹ پر دائیں مڑیں”، بعض اوقات اتنی واضح نہیں ہوتیں، خاص طور پر جب فاصلے کا اندازہ لگانا مشکل ہو۔ جیمنائی کی مدد سے اب گوگل میپس آپ کو اسٹریٹ ویو تصاویر کے ذریعے بہتر اور واضح رہنمائی فراہم کرے گا، جس سے راستوں کو سمجھنا مزید آسان ہو جائے گا۔ یہ فیچر فی الحال امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
3. ٹریفک وارننگز (آؤٹ سائیڈ نیویگیشن)
یہ فیچر خاص طور پر مختصر روزمرہ کے سفر کے لیے ہے، جہاں نیویگیشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اب گوگل میپس آپ کو ٹریفک کی مسائل جیسے حادثات یا سڑک بلاک ہونے کے بارے میں بھی آگاہ کرے گا، چاہے آپ گوگل میپس استعمال نہ کر رہے ہوں۔ یہ فیچر ابھی امریکا میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
4. جیمنائی پر مبنی گوگل لینس
گوگل میپس میں جیمنائی پر مبنی ایک نیا فیچر گوگل لینس شامل کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کے تحت، صارفین ایک نئے کیمرا آئیکن کو کلک کر کے فون کو مطلوبہ منظر کی طرف رکھ کر ہوٹلوں، کیفے، دکانوں یا دیگر مقامات کی شناخت کر سکیں گے۔ یہ فیچر ابھی امریکا میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
گوگل کے اس نئے اپ گریڈ کے ذریعے، میپس کی سروسز کو مزید سہل، تیز، اور سمارٹ بنایا جا رہا ہے، جس سے صارفین کا تجربہ بہتر ہو گا اور وہ زیادہ آسانی سے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔




