اسلام آباد : 27ویں آئینی ترمیم کے چند نکات پر اختلافات کے باعث وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے، جبکہ تمام وزراء کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ قانون نے 27ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے۔ ترمیم کے بیشتر نکات پر حکومتی اتحادیوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا ہو چکا ہے، تاہم چند نکات پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کا مسودہ آج سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اتحادی جماعتیں، جن میں ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، استحکامِ پاکستان پارٹی اور دیگر شامل ہیں، حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلا چکی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کے اعتراض کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق شقوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کی تجاویز کو حتمی مسودے میں شامل کرنے کے بعد اسے پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، اگر ترمیم پر حتمی اتفاق رائے ہو گیا تو یہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے تعلقات میں مزید استحکام کا باعث بنے گی۔




