کیلیفورنیا: گوگل کروم استعمال کرنے والے افراد کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کا نام "اسپلٹ ویو” ہے۔ یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مددگار ثابت ہو گا جو کروم پر متعدد ویب سائٹس اور ٹیبز کو ایک ساتھ استعمال کرتے ہیں۔
اسپلٹ ویو فیچر کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اب آپ کسی لنک کو نئے ٹیب میں کھولنے کی بجائے براہ راست اسپلٹ ویو پر کھول سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے کروم پر کھلے ہوئے ٹیبز کی تعداد کم ہو جائے گی، اور آپ دو ویب صفحات کو ایک ہی ونڈو میں سائیڈ بائی سائیڈ دیکھ سکتے ہیں۔
اس فیچر کا استعمال بہت آسان ہے۔ بس آپ کو کسی لنک پر رائٹ کلک کرنا ہے اور "اوپن نیو ٹیب” کے بجائے "اسپلٹ ویو” کے آپشن پر کلک کرنا ہے۔ اس کے بعد وہ لنک دو ٹیبز میں کھل جائے گا، جنہیں آپ بیک وقت دیکھ سکتے ہیں۔
پہلے ایسا کرنے کے لیے آپ کو دو براؤزر ونڈوز کھولنی پڑتی تھیں اور انہیں ایک ساتھ منظم کرنا پڑتا تھا، لیکن اس نئے فیچر سے یہ عمل بہت سادہ اور تیز ہو گیا ہے۔ آپ دونوں ٹیبز کی پوزیشن کو بھی ریورس کر سکتے ہیں (دائیں یا بائیں جانب منتقل کر سکتے ہیں)، یا ایک کو بڑا اور دوسرے کو چھوٹا کر سکتے ہیں۔
اگر آپ اسپلٹ ویو کو ختم کرنا چاہتے ہیں، تو بس اسی ٹیب پر رائٹ کلک کریں اور اسپلٹ ویو کے آپشن میں جا کر اس میں سے کسی بھی ویو کو بند کر دیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ثابت ہو گا جو بیک وقت کئی کاموں میں مصروف ہوتے ہیں، جیسے ایک ٹیب میں ڈاکومنٹ دیکھنا اور دوسرے میں ویڈیو کال کرنا۔ اس فیچر کی بدولت آپ بیک وقت نوٹس بھی لے سکتے ہیں یا مختلف ویب سائٹس کو موازنہ کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر اب بیشتر کروم صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور اسے استعمال کر کے آپ اپنی کروم براؤزنگ کو زیادہ آسان اور موثر بنا سکتے ہیں۔




