اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ قدرتی آفات، خاص طور پر سمندری طوفان، شدید بارشوں، سیلاب اور بھاری تودے گرنے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی پر دلی یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے ملائیشیا کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا میں ہونے والے جانی نقصان اور املاک کے خسارے پر افسردہ ہے۔ انہوں نے ملائیشیا میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں اور بے گھر ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "مشکل گھڑی میں پاکستان ملائیشیا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اگر ملائیشیا کو امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔”
دوسری جانب ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "اس مشکل وقت میں پاکستان کی طرف سے ہمدردی اور فکرمندی کے جذبات ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہیں۔




