کیلیفورنیا: بیشتر افراد گوگل میپس کو صرف منزل تک پہنچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس میں اور بھی کئی مفید فیچرز ہیں جو آپ کی زندگی کو نہ صرف آسان بنا سکتے ہیں بلکہ آپ کے روزمرہ کے سفر کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں؟ اگر آپ ان فیچرز سے واقف نہیں ہیں تو یہ جاننا ضروری ہے کہ گوگل میپس آپ کو صرف راستوں کی معلومات نہیں دیتا بلکہ اردگرد کے مقامات، رئیل ٹائم ٹریفک اور دیگر اہم معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔ تو چلیں، گوگل میپس کے کچھ کارآمد فیچرز کے بارے میں جانتے ہیں:
1. پسندیدہ مقامات کو سیو اور اسٹار کریں
اگر آپ کسی نئے شہر میں ہیں یا اپنے شہر کے دلچسپ مقامات دریافت کر رہے ہیں، تو گوگل میپس آپ کے پسندیدہ مقامات کو اسٹار کرنے اور سیو کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے لیے گوگل میپس ایپ کھول کر سرچ بار میں "سلیکٹ مور” کے آپشن پر کلک کریں اور وہاں "اسٹارڈ پلیسز” کا آپشن دیکھیں۔ یہاں آپ اپنی پسند کے مقامات شامل کر سکتے ہیں تاکہ بعد میں دوبارہ ان مقامات پر جا سکیں۔
2. ٹریول ٹائم لائن کو ایکسپلور کریں
گوگل میپس کا یہ فیچر آپ کو ماضی میں آپ کے دورے کیے گئے مقامات دکھاتا ہے۔ یہ فیچر خودکار طور پر آپ کی جائے سفر کی معلومات ذخیرہ کرتا ہے، اور آپ جب چاہیں ان مقامات پر واپس جا سکتے ہیں۔ یہ اس وقت بہت کام آتا ہے جب آپ کا فون گم ہو جائے یا آپ نیا ڈیوائس استعمال کر رہے ہوں، تاکہ آپ کی پچھلی ہسٹری ضائع نہ ہو۔
3. ون ٹچ نیویگیشن سے ٹرپس سیو کریں
اگر گوگل میپس آپ کو کسی جگہ کے لیے متعدد راستے بتا رہا ہو، تو آپ کسی ایک راستے کو منتخب کر کے اس کو سیو کر سکتے ہیں۔ اس طرح جب بھی آپ دوبارہ اس جگہ جانا چاہیں گے، گوگل آپ کو ہمیشہ اسی راستے پر لے جائے گا، بغیر کسی پریشانی کے۔
4. لیئرز استعمال کریں
گوگل میپس میں کئی انٹرایکٹو لیئرز ہوتے ہیں جن سے آپ مختلف علاقوں کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ مثلاً سبز رنگ کا لیئر جنگلات یا میدانوں کو ظاہر کرتا ہے، نیلا رنگ پانی کے ذخائر کو، جبکہ ٹریفک اور پبلک ٹرانزٹ کے لیئرز بھی آپ کو حقیقی وقت میں ٹریفک کی حالت اور پبلک ٹرانسپورٹ روٹس دکھاتے ہیں۔
5. اردگرد موجود مخصوص لوکیشنز یا سہولیات دریافت کریں
اگر آپ کو اے ٹی ایم، اسپتال، یا الیکٹرک گاڑی چارجنگ اسٹیشن کی ضرورت ہو، تو گوگل میپس میں ایسے مقامات تلاش کرنا انتہائی آسان ہے۔ ایپ کھولتے ہی ٹاپ بار میں مختلف لوکیشنز اور سہولتوں کے شارٹ کٹس نظر آئیں گے۔ آپ ان پر کلک کرکے اپنے قریب دستیاب تمام سہولتوں کو دیکھ سکتے ہیں، جو آپ کی ضروریات کے مطابق ہوں۔
6. گلانس ایبل ڈائریکشنز فیچر استعمال کریں
یہ فیچر آپ کو نیویگیشن موڈ کے دوران خودکار اپ ڈیٹس اور راستوں کی معلومات فراہم کرتا ہے، بغیر کہ آپ کو ایپ کو دوبارہ کھولنے کی ضرورت ہو۔ اس فیچر کے ذریعے، آپ کے فون کی لاک اسکرین پر راستوں کی معلومات ملے گی، اور اگر آپ نے راستہ تبدیل کیا تو میپس خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا۔ یہ فیچر چہل قدمی یا گاڑی چلانے دونوں کے دوران کام آتا ہے.




