پاکستان
Trending

افغانستان دہشتگرد گروہوں کی پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے۔۔۔ روس نے بھی طالبان کے اقدامات ناکافی قرار دے دیے

 

اسلام آباد:افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ پاکستان متعدد بار عالمی برادری کو افغان سرزمین پر موجود محفوظ دہشتگرد ٹھکانوں کے ناقابلِ تردید شواہد فراہم کر چکا ہے۔

بین الاقوامی جریدے یوریشیا ریویو کے مطابق روس بھی افغانستان میں سرگرم مختلف عسکریت پسند گروہوں سے شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ملحقہ سرحدوں کے راستے انتہا پسند عناصر اپنی سرگرمیاں تیزی سے بڑھا رہے ہیں، جس سے علاقائی سیکیورٹی مزید غیر مستحکم ہو رہی ہے۔

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نیبینزیا نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان کا نیٹ ورک مضبوط ہو رہا ہے جبکہ افغان طالبان کے انسدادِ دہشتگردی اقدامات موجودہ صورتحال کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔ ان کے مطابق عسکریت پسند گروہ افغانستان میں تناؤ بڑھا کر خود کو متبادل قوت کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روسی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شائیگو نے بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ افغانستان سے دہشتگرد عناصر کے ہمسایہ ممالک میں داخل ہونے کا خطرہ حقیقی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرونی فنڈنگ دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں کو مزید تقویت دے رہی ہے، جس کا براہِ راست اثر خطے کی امن و سلامتی پر پڑ رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال افغانستان میں امن و استحکام کی ناکامی کی واضح عکاسی کرتی ہے، جب کہ خطے کو دہشتگردی کے پھیلاؤ سے بچانے کے لیے سفارتی دباؤ، مضبوط انٹیلی جنس تعاون اور سخت سرحدی نگرانی ناگزیر ہو چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button