پاکستان
Trending

ہنگور ڈے: آبدوز ہنگور کی بہادری اور پاک بحریہ کی ناقابلِ تسخیر دفاعی روایت

 

کراچی:پاک بحریہ آج ’’ہنگور ڈے‘‘ منارہی ہے، جو 1971 کی جنگ میں آبدوز ہنگور کے عملے کی شجاعت اور پاکستان کے مضبوط سمندری دفاع کی یاد تازہ کرتا ہے۔ یہ دن ایک ایسی تاریخی فتح کی علامت ہے جس نے دشمن کی بحری برتری کو خاک میں ملایا۔

9 دسمبر 1971 کو آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز ککری کو غرق اور کرپان کو شدید نقصان پہنچا کر ایک ناقابلِ فراموش آپریشن انجام دیا۔ اس کارنامے نے پاکستان کی بحری تاریخ میں ایک روشن باب رقم کیا اور دشمن کے حوصلے پست کر دیے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہنگور کے بہادر عملے نے جس حوصلے اور مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ آج بھی بحری دفاع کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ 1971 میں دشمن کے لیے سمندر میں سیسہ پلائی دیوار تھی اور آج بھی ملک کی سرحدوں کی مضبوط محافظ ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے اعلان کیا کہ ہنگور کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے ہنگور کلاس کی 8 جدید آبدوزیں جلد بیڑے میں شامل کی جائیں گی، جو پاکستان کی سمندری دفاعی صلاحیت کو مزید مستحکم کریں گی۔

ہنگور ڈے کے موقع پر تاریخی کارنامے کی یاد تازہ کرنے کے لیے پاک بحریہ نے خصوصی دستاویزی فلم "ہدف” بھی جاری کی ہے، جو قوم کو بہادری اور دفاعِ وطن کی تعلیم دیتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button