پاکستان
Trending

غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ بات نہیں ہو سکتی،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومتِ پاکستان بھی بات چیت کے لیے مکمل آمادہ ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی ڈائیلاگ ممکن نہیں۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ اگر پی ٹی آئی جائز اور آئینی نکات پر بات کرنا چاہے تو مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کو اسمبلی میں بھی ڈائیلاگ کی دعوت دی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا دن ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے کام کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سربمہر لفافوں میں بولیاں آئیں اور بولی کا عمل براہ راست دکھایا جا رہا ہے۔ اگر کامیاب طریقے سے بولی ہوگی تو معاملات بہتر ہوں گے، اور نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے بہترین کاوشیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے مرحلے کو شفاف بنانا انتہائی ضروری تھا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانزکشن ہونے جا رہی ہے، اور اس سارے پراسیس کا دوبارہ کابینہ کے پاس آنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کو سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز ایواڑ سے نوازے جانے کا ذکر کیا، اور کہا کہ اس ایوارڈ سے پوری قوم کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

آخر میں، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button