پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا قائداعظم محمد علی جناح اور نواز شریف کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کے یوم پیدائش پر ایک خصوصی پیغام میں دونوں عظیم رہنماؤں کی خدمات کو سراہا اور ان کی بصیرت و عزم کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

مریم نواز نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی عظمت، حکمت، محنت اور دانائی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر نسل کے لیے سبق آموز ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "محمد علی جناح وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے منتشر قوم کو یکجا کر کے ان کی تقدیر بدل دی۔” ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر دل میں مشعلِ راہ ہے اور وہ ہر نسل کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی قیادت اور بے پناہ قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ "محمد نواز شریف وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے اپنے عزم، بصیرت اور قربانی سے قوم کی تقدیر بدلی۔” مریم نواز نے کہا کہ "قائداعظم نے پاکستان بنایا اور محمد نواز شریف نے پاکستان کو سنوارا۔”

مریم نواز نے مزید کہا کہ "محمد نواز شریف نے ہر بار قوم کو دہشت گردی اور معاشی مشکلات سے نجات دلائی۔” ان کا کہنا تھا کہ "قائداعظم کا خواب کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہو، محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پورا کیا۔”

وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب حکومت کے کام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کی تعلیمات اور تجربے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ "پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور قائداعظم کی تعلیمات اور نواز شریف کا تجربہ ہے۔”

آخر میں مریم نواز نے کہا کہ "محمد علی جناح نے قوم کو آزادی دی اور محمد نواز شریف نے قوم کو سہولت، امن اور ترقی دی۔” انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قائداعظم کی تعلیمات اور محمد نواز شریف کی قیادت کے تحت پاکستان ہمیشہ روشن اور مضبوط رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button