اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی پائیدار بحالی کے لیے ملک کے بڑے ایکسپورٹرز اور صنعتکاروں کو سرجوڑ کر بیٹھنے کی دعوت دے دی۔ وزیراعظم آج اسلام آباد میں اہم کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے جس میں معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
پالیسی سازی میں مشاورت: وزیراعظم ملک کی معاشی صورتحال پر تاجروں کو اعتماد میں لیں گے اور حکومتی پالیسیوں کے ثمرات پر گفتگو کریں گے۔شہباز شریف ملکی صنعت اور برآمدات میں انقلابی اضافے کے لیے اپنا "روڈ میپ” پیش کریں گے تاکہ تجارتی خسارے کو کم کیا جا سکے۔ ملاقات میں ایکسپورٹ سیکٹر کو درپیش انتظامی اور مالیاتی دشواریوں کو دور کرنے کے لیے فوری احکامات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم کا مشن ہے کہ ملکی برآمدات کو عالمی معیار کے مطابق بنا کر زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جائے۔ اس ملاقات میں ٹیکسٹائل، آئی ٹی اور زراعت جیسے بڑے شعبوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جن کی تجاویز کی روشنی میں آئندہ کی معاشی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔




