اسلام آباد: قومی پیغامِ امن کمیٹی کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور ملک دشمن قوتوں کا اصل نشانہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملوں کے خلاف پہلا فتویٰ علما نے دیا تھا اور ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے علما کا واضح مؤقف ہمیشہ موجود رہا ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ پیغامِ پاکستان کی روشنی میں متفقہ فتویٰ پر 15 ہزار علما و مشائخ کے دستخط موجود ہیں، جو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف علما کے مشترکہ موقف کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کا مقصد ملک میں امن، ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے اور کمیٹی اپنی تمام سرگرمیوں میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔




