اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت دینے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومتی اقدامات کے تحت کسانوں، کاروباری طبقے اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان شعبوں کو مالی سہولتیں فراہم کرنا معاشی بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے قرضوں کی آسان فراہمی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بینکوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے بینک قابلِ ستائش ہیں جو حکومتی اقدامات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں اور وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے صارفین کو قرضوں کی فراہمی میں تاخیر کرنے والے بینکوں کے خلاف اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کسی قسم کی نرمی نہ دکھائیں۔




