راولپنڈی : پاک افواج نے ملکی سلامتی کے خلاف سرحد پار سے ہونے والی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے آپریشن ‘غضب للحق’ کے دوران دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔ باجوڑ اور کرم سیکٹر میں دہشت گردوں کی کئی اہم پوسٹوں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر انہیں مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات اور سرحد پار سے ہونے والی مسلسل اشتعال انگیزی کے جواب میں کی گئی۔ پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی ان پوسٹوں کو تباہ کیا گیا جو پاکستانی چوکیوں پر حملوں کے لیے بطور لانچنگ پیڈ استعمال ہو رہی تھیں۔
اس علاقے میں بھی شرپسندوں کی متعدد پناہ گاہوں اور پوسٹوں کو بھاری توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا، جس سے دہشت گردوں کا تنظیمی ڈھانچہ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق آپریشن ‘غضب للحق’ کا نام ہی اس عزم کا عکاس ہے کہ حق کے لیے اٹھنے والی تلوار کسی بھی باطل قوت کو پنپنے نہیں دے گی۔
پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے سرحد پار موجود خطرات کو ختم کرنا بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے۔حالیہ کارروائی سے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کو مزید تقویت ملے گی اور دراندازی کے واقعات میں نمایاں کمی آئے گی۔




