اسلام آباد/لاہور: ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں اور ژالہ باری نے تپتی گرمی کا زور توڑ کر سردی کی لہر کو ایک بار پھر واپس بلا لیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں بادل جم کر برسے ہیں، جس سے نہ صرف درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے بلکہ خشک سالی کا خاتمہ بھی ہوا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں قدرت کے رنگ کچھ اس طرح نظر آ رہے ہیں۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بادلوں کے برسنے سے سڑکیں اور گلی کوچے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ مری، گلیات، سوات اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر ہونے والی برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ کئی شہروں میں بڑے سائز کی ژالہ باری نے جہاں موسم ٹھنڈا کیا، وہیں شہریوں کو حیران بھی کر دیا۔
محکمہ موسمیات نے عید کے حوالے سے اپنی حتمی پیشگوئی میں شہریوں کو بڑی خوشخبری سنائی ہے۔اس بار عید الفطر پر گرمی کا کوئی خطرہ نہیں، بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی خوشگوار اور معتدل رہے گا۔ عید کے پہلے اور دوسرے دن بھی وقفے وقفے سے بادل برسنے کا امکان ہے، جو عید کی خوشیوں کو چار چاند لگا دے گا۔موسم خوشگوار ہونے کے باعث مری اور شمالی علاقوں میں سیاحوں کے غیر معمولی رش کی توقع ہے۔




