اسلام آباد : ملک میں جاری سیاسی سرگرمیوں کے مرکز، اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے، جس کے دور رس سیاسی نتائج متوقع ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملاقات کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں دونوں جماعتوں کے درمیان ممکنہ انتخابی اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ان خطوں میں سیاسی تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ امیدوار لانے کے امکانات پر غور کیا۔
ملاقات میں سب سے اہم موضوع 28 ویں آئینی ترمیم رہا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم سے ہونے والی اپنی حالیہ اہم ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور آئینی پیکج پر جے یو آئی (ف) کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت کی۔
دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کو اس حساس معاملے پر اپنا فعال سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے۔اس اہم سیاسی بیٹھک میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری، اور چودھری یاسین شریک تھے، جبکہ جے یو آئی کی نمائندگی سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے کی۔




