اسلام آباد : پاور ڈویژن نے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ریلیف پیکجز کے حوالے سے اہم رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں ایک طرف صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے تو دوسری طرف سسٹم کے استحکام کے لیے روزانہ کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول بھی متعارف کروایا گیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بہتر پلاننگ کی بدولت جولائی سے فروری تک صارفین کو 46 ارب روپے کا مالی فائدہ پہنچایا گیا، جبکہ فی یونٹ قیمت میں 71 پیسے کی کمی لائی گئی۔ حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ شام کے اوقات میں بجلی کی طلب کا حد سے بڑھ جانا سسٹم کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
اس خطرے سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں روزانہ سوا دو گھنٹے بجلی بند رہے گی، جس کا اطلاق شام 5 بجے سے رات 1 بجے کے درمیان ہوگا۔ پاور ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں کمی اور ریلیف کی فراہمی سسٹم میں کی جانے والی بنیادی تبدیلیوں اور حکومتی ریلیف پیکجز کا براہِ راست نتیجہ ہے۔




