پشین/برشور: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشین کے علاقے برشور میں ایک بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا بلیک میلنگ میں آئے بغیر صوبے کے چپے چپے میں ترقی کا جال بچھائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ "کوئی مجھے بلیک میل نہیں کر سکتا، میرا مقصد صرف اور صرف بلوچستان کا امن اور خوش حالی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے یا مہم جوئی سے ہرگز مرعوب نہیں ہیں، بلکہ ان کی توجہ زمینی حقائق اور عوامی مسائل کے حل پر ہے۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تمام محکموں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے تاکہ وہ عوام کی خدمت کے قابل بن سکیں۔
علاقے کی دیرینہ محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ نے ایک تاریخی قدم اٹھایا، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (THQ) برشور کو اپ گریڈ کر کے ‘ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال’ (DHQ) بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس فیصلے سے برشور اور گرد و نواح کی لاکھوں کی آبادی کو اب علاج معالجے کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔




