اسلام آباد: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے دشمن ملک کو کڑے الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں یا خود مختاری کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا انجام اب پہلے سے کہیں زیادہ شدید، عبرتناک اور فیصلہ کن ہوگا۔
خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ "معرکہِ حق” کی عظیم فتح محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی واضح لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے، جس نے بھارت پر ہماری ناقابلِ تسخیر صلاحیت کو ثابت کر دیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی جارحیت یا حماقت کا جواب انتہائی ہولناک اور دشمن کی سوچ سے بھی زیادہ مہلک ہوگا۔
وزیرِ دفاع نے عسکری صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بری، بحری اور فضائی افواج اب پہلے سے کہیں زیادہ مربوط اور تیز ترین جوابی کارروائی کے لیے چوبیس گھنٹے تیار ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس معرکے نے ثابت کیا کہ جب دفاعِ وطن کی بات ہو تو پوری قوم اور عسکری قیادت سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے اور اس اتحاد پر کوئی سودے بازی نہیں کی جا سکتی۔




