پاکستان
Trending

بھارت ’فالس فلیگ آپریشنز‘ بند کرے، دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا: ڈی جی آئی ایس پی آر کی دوٹوک وارننگ

 

راولپنڈی :پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ دفاعِ وطن کے لیے ہماری پیشہ ورانہ صلاحیتیں عددی برتری پر بھاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا ڈرامہ اب ہمیشہ کے لیے بے نقاب اور دفن ہو چکا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دو نیوکلیئر ریاستوں کے درمیان جنگ کی باتیں کرنا محض پاگل پن ہے۔ انہوں نے بھارتی ایئر چیف کے دعووں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مہینوں بعد اپنی نام نہاد کامیابیوں کا خیال آتا ہے، "یہ لوگ سندور سے باہر کیوں نہیں نکلتے؟ سندور تو خواتین کو لگایا جاتا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سیاستدان اب سیاست دان کم اور انتہا پسند جنگجو زیادہ نظر آتے ہیں۔
دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کسی کی جرات نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ "کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، ہم تب بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں۔ اگر کسی کو ہماری تیاری پر شک ہے تو سامنے آ جائے، ابھی تو ہم نے صرف ٹریلر دکھایا ہے”۔
کشمیر کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ بھارت کشمیر اور منی پور میں جاری انسانی حقوق کی پامالی سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگاتا ہے۔ بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ غیر فطری اور ناپاک ہے، جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایماء شامل ہے۔ انہوں نے خارجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ ریاست ان عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی صورت ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button