لاہور: منشیات کی دنیا کا کردار ‘انمول عرف پنکی’ کے خلاف لاہور پولیس کی انوسٹی گیشن ٹیم کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ ملزمہ کے ماضی کے ریکارڈ کی چھان بین کے دوران ایک اور سنگین مقدمے کا کچا چٹھا سامنے آیا ہے، جس کے بعد انمول پنکی کے خلاف درج مقدمات کی کل تعداد 4 ہو گئی ہے۔ اس نئے ریکارڈ نے ملزمہ کے کراچی اور لاہور کے درمیان پھیلے ہوئے پرانے نیٹ ورک کی تصدیق کر دی ہے۔
پولیس دستاویزات کے مطابق، ملزمہ انمول پنکی کا نیٹ ورک بیس سال سے بھی زیادہ عرصے سے فعال ہے۔ سن 2004 میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں ‘صابراں بی بی’ نامی ایک خاتون کے خلاف منشیات فروشی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ اس کارروائی کے دوران صابراں بی بی کے قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد کی گئی تھی، جو اس دور میں ایک انتہائی نایاب اور مہنگی منشیات سمجھی جاتی تھی۔
صابراں بی بی نے لاک اپ میں تفتیش کے دوران اگل دیا تھا کہ یہ کوکین اسے کراچی میں ‘انمول عرف پنکی’ نے دی تھی تاکہ وہ اسے لاہور کی ہائی پروفائل پارٹیوں یا گاہکوں تک پہنچا سکے۔




