اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کا بنیادی مشن ہے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے آئندہ وفاقی بجٹ میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
معاشی ریلیف کے حوالے سے اہم فیصلے کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایف بی آر کو پابند کیا کہ وہ 15 جون تک تاجروں کے تمام زیر التوا ٹیکس ریفنڈز کلیئر کرے، جبکہ برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کی شرح کو جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ کاروباری برادری کی دیرینہ درخواست پر پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کا ہیڈ آفس کراچی منتقل کرنے اور گجرات میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
ملاقات کے دوران تجارتی وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں، پی آئی اے کی نجکاری، اور "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت آسان قرضوں کی اسکیم کو سراہا۔ وفد نے خلیجی خطے کی کشیدہ صورتحال میں امن کے قیام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مثبت سفارتی کردار کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ ملکی معیشت کو دستاویزی بنانے (ڈیجیٹائزیشن) کے لیے تاجر برادری حکومت کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔




