تیانجن : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے موجودہ شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور جاری منصوبوں کو فعال بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں نیشنل ارتھ کوئیک سمولیشن سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں قدرتی آفات سے بچاؤ، ریسکیو ٹیکنالوجیز اور جدید میڈیکل ریسکیو گاڑیوں کی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے کئی اہم منصوبے جیسے چائنا-پاکستان جوائنٹ لیب، انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سینٹر اور فرینڈشپ ہسپتال قائم ہو چکے ہیں جبکہ مزید منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے چین کی جدید ٹیکنالوجی اور تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کی مہارت سے سیکھنا چاہیے تاکہ مستقبل میں زلزلے، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے خلاف بہتر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور نارووال، سیالکوٹ، وزیرآباد، حافظ آباد، چنیوٹ اور جھنگ کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے مزید امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے جو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔




