اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر قائم ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا نواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں مون سون بارشوں، سیلابی صورتحال اور امدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، جبکہ وفاقی و صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ای او سی ٹیم نے اجلاس کو حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کی جانب سے کیے گئے فوری اقدامات اور متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
این ای او سی نے شرکا کو آگاہ کیا کہ آنے والے دنوں میں شمالی و وسطی علاقوں جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے جاری ریلیف سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔
ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے امدادی، ریسکیو اور بحالی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ بڑھانے، پیشگی تیاری برقرار رکھنے اور بحالی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔




