پاکستان
Trending

کشمیر بحران کے حل کے لیے سیاسی راستہ اختیار کیا جائے:بلاول بھٹو

 

ڈڈیال: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈڈیال جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں جسے سیاسی انداز میں حل نہ کیا جا سکے، جبکہ کشمیر سمیت تمام معاملات کے حل کے لیے سیاسی کوششوں کو ترجیح دینی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو درپیش موجودہ حالات ایک امتحان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کا بنیادی کام عوام کی خدمت کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاست دانوں کو کشمیری عوام کی آواز اسلام آباد تک پہنچانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سیاسی بحران پیدا ہوتے ہیں تو غیر سیاسی اور انتہاپسند قوتوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو ذمہ داری دیتے ہیں تو وہ ان کی آواز بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے کردار ادا کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے احتجاج کرنے والے افراد سے اپیل کی کہ کمیشن کی رپورٹ آنے تک احتجاج ختم کیا جائے، جبکہ حکومت سے بھی کہا کہ کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے تک اپنی کارروائیاں محدود رکھے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے، تاہم اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ چند افراد کی غلطی کی سزا پوری عوام کو نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر بحران کا نقصان صرف کشمیری عوام اٹھا رہے ہیں، اس لیے تمام فریقین کو عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ریاستی رٹ قائم رکھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button