پاکستان
Trending

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شفافیت لانے کا فیصلہ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: عطا تارڑ

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کو مزید شفاف بنانے کے لیے انہیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تعلق خطے کی موجودہ کشیدگی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ صورتحال میں کئی ممالک کو پٹرول کی قلت اور طویل قطاروں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وزیراعظم کی ہدایات پر بروقت اقدامات کے باعث پاکستان میں ایندھن کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مختلف ممالک سے فوری بنیادوں پر تیل کے کارگو منگوا کر ملکی توانائی ضروریات پوری کیں، جس کے باعث ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر 131 ارب روپے کی سبسڈی دی، جبکہ پٹرولیم لیوی میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی بھی آئل کمپنی کو غیر ضروری منافع کمانے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے بتایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں طویل المدتی اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے اور ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button