اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 126 افراد جاں بحق جبکہ 416 افراد زخمی ہو گئے۔
این ڈی ایم اے نے 26 جون سے 2 اگست تک بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر خیبرپختونخوا رہا، جہاں مختلف حادثات میں 55 افراد جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں بارشوں کے باعث 47 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں 5 افراد جبکہ بلوچستان میں 8 افراد بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 416 افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔




