لاہور،راولپنڈی :ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، فیروزوالا، فتح جنگ اور صوابی میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ متعدد سڑکیں زیرِ آب آ گئیں جبکہ کئی دکانوں اور گھروں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
دوسری جانب لاہور، اسلام آباد، سرگودھا، فیروزوالا، فتح جنگ اور صوابی میں بھی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، تاہم بعض علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں دشواری پیش آئی۔
ادھر چترال میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی۔ سیلابی پانی سے رابطہ سڑکیں، زرعی اراضی اور دیگر املاک متاثر ہوئیں، جبکہ متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔




